صنم ماروی اور احمد شاہ کے درمیان تنازع ختم – غلط فہمیاں دور، ایک دوسرے کو معاف کر دیا
کراچی: ملک کی نامور گلوکارہ صنم ماروی اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ کے درمیان چند روز سے جاری تنازع بالآخر ختم ہو گیا۔ دونوں شخصیات نے آپسی غلط فہمیاں دور کر کے ایک دوسرے کو معاف کر دیا، جسے فن و ثقافت کے حلقوں میں خوش آئند پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چند روز قبل صنم ماروی نے احمد شاہ کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 10 اگست کو سکھر میں سندھ حکومت کے ایک ثقافتی پروگرام کے دوران ان کے ساتھ ناشائستہ سلوک، دھکے اور دھمکیاں دی گئیں۔ گلوکارہ نے معافی نہ مانگنے کی صورت میں قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا تھا۔
احمد شاہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ انہوں نے نہ تو گلوکارہ کی توہین کی اور نہ ہی کسی قسم کی دھمکیاں دیں۔ تاہم اب وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ اور معروف ادیبہ نور الہدیٰ شاہ کی کوششوں سے دونوں کے درمیان صلح ہو گئی۔
وزیر ثقافت نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں احمد شاہ نے صنم ماروی کو "چھوٹی بہن اور بیٹی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان برسوں پرانے تعلقات ہیں اور یہ تنازع صرف ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اسٹاف کے رویے سے صنم ماروی کو تکلیف پہنچی، جس پر افسوس کا اظہار کیا۔
فنکار برادری میں خوشی کی لہر
معروف فنکاروں اور ادبی حلقوں نے اس مفاہمت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے فن و ثقافت کے شعبے میں باہمی احترام اور تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔






