نعیمہ بٹ کا ڈرامہ انڈسٹری پر طنز: "جہاں اداکاراؤں کی لاشیں ملیں، وہاں کون کام کرنا چاہے گا؟”
لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ نعیمہ بٹ نے حالیہ دنوں میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں کام نہ ملنے پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔
اداکارہ نعیمہ بٹ اس وقت کسی ڈرامہ پروجیکٹ کا حصہ نہیں، لیکن وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متحرک رہتی ہیں اور مختلف موضوعات پر اپنے خیالات اور ویڈیوز مداحوں سے شیئر کرتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں ناقدین کو جواب دیا، جو انہیں کام نہ ملنے کے طعنے دیتے ہیں۔
ویڈیو میں نعیمہ نے کہا:
"جو لوگ کہتے ہیں کہ مجھے ڈراموں میں کام نہیں ملتا، اس لیے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنا رہی ہوں، تو ان سے کہنا ہے: جس انڈسٹری میں اداکاراؤں کی لاشیں ملتی ہوں، وہاں کام کون کرنا چاہے گا؟”
انہوں نے طنزیہ لہجے میں مزید کہا:
"آئیں، میرے پالتو کتے سے ملیے، کم از کم وہ تو وفادار ہے۔”
یہ ویڈیو نہ صرف وائرل ہوئی بلکہ شوبز حلقوں میں ایک بحث کو بھی جنم دے گئی۔ مداحوں کی بڑی تعداد نے نعیمہ کے انداز اور سچ بولنے کی جرات کو سراہا، جب کہ کچھ صارفین نے انڈسٹری پر ایسے بیانات کو متنازع قرار دیا۔
یاد رہے کہ نعیمہ بٹ نے متعدد مقبول ڈراموں میں کام کیا ہے اور اپنی جاندار اداکاری سے مداحوں کا دل جیتا ہے۔ حالیہ بیان انڈسٹری میں بڑھتے دباؤ، اقربا پروری اور غیر محفوظ ماحول کے حوالے سے ایک تلخ حقیقت کی جھلک بھی سمجھا جا رہا ہے۔






