اداکارہ علیزے شاہ کا سنگین دعویٰ: "قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اگر کچھ ہوا تو ذمہ دار منسا ملک ہوگی”
کراچی:
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ علیزے شاہ نے ایک بار پھر خبروں کی زینت بن کر تہلکہ مچا دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اپنی ساتھی اداکارہ منسا ملک کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان کا نمبر ایک مشکوک شخص کو بھی فراہم کیا جا چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں علیزے شاہ نے مختلف چیٹ کے اسکرین شاٹس اور ویڈیو کلپس بھی شیئر کیے جن میں مبینہ طور پر دھمکی آمیز گفتگو موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل نامعلوم نمبرز سے کالز وصول کر رہی ہیں جن میں انہیں قتل کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
انسٹاگرام پر اپنی اسٹوریز میں علیزے نے لکھا:
"اگر مجھے کچھ ہوا تو جان لیں کہ یہ سب اسی میسنی کا کام ہے۔ تین سال پہلے بھی اس گھٹیا عورت نے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی، مگر میں نے اپنی عزت اور حلال کمایا ہے، اور جو خود حرام کھاتا ہے اسے خدا کا خوف نہیں۔”
مداحوں کی حمایت اور منسا ملک کا ردعمل
علیزے شاہ کے ان بیانات کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، اور کئی افراد نے ان کی جرات کو سراہا ہے کہ انہوں نے اپنے خلاف ہونے والی زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ دوسری جانب، منسا ملک کی طرف سے اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پس منظر
علیزے شاہ پچھلے کچھ عرصے سے شوبز میں ہونے والی ناانصافیوں، حسد، اور کردار کشی کے خلاف کھل کر بات کر رہی ہیں اور کئی مواقع پر اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں۔ ان کے حالیہ دعوے اس انڈسٹری میں جاری تنازعات اور کشیدگی کی ایک اور جھلک پیش کرتے ہیں۔






