دلجیت دوسانجھ بھی سجاد علی کے مداح نکلے، سرحد پار سے محبت کا پیغام
ممبئی/لاہور: بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے پاکستان کے لیجنڈری گلوکار سجاد علی سے اپنی محبت کا اظہار کر کے دونوں ملکوں کے مداحوں کے دل جیت لیے۔
حال ہی میں دلجیت دوسانجھ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کے پس منظر میں سجاد علی کا مشہور گانا ‘راوی’ چل رہا تھا۔ اس مختصر مگر پُراثر لمحے نے سوشل میڈیا صارفین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا، اور پاک-بھارت تعلقات کی کشیدگی کے باوجود موسیقی کے ذریعے جُڑنے والی اس خوبصورت مثال کو خوب سراہا گیا۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ دلجیت نے اس عمل سے یہ ثابت کر دیا کہ فن اور موسیقی سرحدوں کے محتاج نہیں ہوتے۔ ایک صارف نے لکھا، "سجاد علی کا راوی، اور دلجیت کی محبت، موسیقی کا اصل حسن یہی ہے!”
دلجیت ان دنوں اپنی نئی فلم ‘سردار جی 3’ کے باعث خبروں میں ہیں، جس میں ان کے ساتھ پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ فلم کی ریلیز کے بعد بھارت میں بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی، تاہم دلجیت نے بھرپور انداز میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ فروری میں شوٹنگ کے وقت حالات معمول کے مطابق تھے، اور وہ فن کے ذریعے سرحد پار امن و محبت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
دلجیت اور ہانیہ کی فلم ‘سردار جی 3’ 27 جون کو دنیا بھر میں ریلیز کی گئی اور شائقین کی بڑی تعداد نے فلم کو سراہا۔ دونوں ممالک کے فنکار اور مداح دلجیت کے اس جرات مندانہ اور پُرامن پیغام کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔





