کومل میر کی جسمانی تبدیلی پر وضاحت: "اب خود کو زیادہ خوبصورت اور صحت مند محسوس کرتی ہوں”
لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل کومل میر نے حالیہ دنوں میں اپنی جسمانی تبدیلی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
کومل میر، جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز "مس ویٹ پاکستان” سے کیا، حالیہ دنوں اپنی تازہ تصاویر کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ مداحوں نے ان کی بدلی ہوئی جسامت اور چہرے پر ہونے والی تبدیلی کو دیکھتے ہوئے مختلف سوالات اٹھائے، جن میں فلرز کروانے اور وزن بڑھانے کے ممکنہ طریقوں پر قیاس آرائیاں شامل تھیں۔
تاہم اب ایک حالیہ انٹرویو میں کومل میر نے ان تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اپنی تبدیلی کی اصل وجہ بیان کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ کم وزن کا شکار رہی ہیں اور کھانے پینے سے متعلق مسائل کا سامنا کرتی رہی ہیں۔ لیکن ایک فلمی پروجیکٹ کے لیے انہیں بتایا گیا کہ بڑی اسکرین پر مؤثر نظر آنے کے لیے صحت مند دکھائی دینا ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنی خوراک میں بہتری لاتے ہوئے قدرتی طور پر 6 کلو وزن بڑھایا، جو زیادہ تر ان کے چہرے پر ظاہر ہوا۔
کومل نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی قسم کے فلرز یا مصنوعی طریقے استعمال نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا، "میں نے صرف اپنی صحت پر توجہ دی ہے، اور اب خود کو زیادہ خوبصورت اور صحت مند محسوس کرتی ہوں۔ سب کی رائے کی قدر کرتی ہوں، لیکن اپنی زندگی اپنے انداز سے گزارنا سیکھ لیا ہے۔”
اداکارہ کا مثبت رویہ اور سچائی کے ساتھ سامنے آنا سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جہاں کئی مداحوں نے ان کی ایمانداری اور خوداعتمادی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔






