"موت کی خبر فلمی پروموشن نکلی”: شلپا شروڈکر نے خاموشی توڑ دی
ممبئی (شوبز ڈیسک) – بالی ووڈ کی ماضی کی خوبرو اداکارہ شلپا شروڈکر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی موت سے متعلق پھیلائی گئی خبر دراصل ایک فلم کی تشہیری مہم کا حصہ تھی، مگر اس کا اثر ان کے اہل خانہ پر اس قدر گہرا پڑا کہ وہ شدید ذہنی دباؤ میں آ گئے۔
90 کی دہائی کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شامل 52 سالہ شلپا شروڈکر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اس حیران کن واقعے سے پردہ اٹھایا، جس کا تعلق فلم "رگھوویر” کی شوٹنگ کے دوران سامنے آنے والی سنسنی خیز افواہ سے ہے۔
"اخبار میں میری موت کی سرخی تھی”
شلپا نے بتایا کہ وہ ان دنوں ہماچل پردیش کے کولو منالی میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جب اچانک ایک مقامی اخبار میں یہ خبر چھپی کہ انہیں گولی مار دی گئی ہے۔
"میرے والد بار بار ہوٹل فون کر رہے تھے، اُس وقت موبائل فون نہیں ہوا کرتے تھے۔ گھر والے صدمے کی کیفیت میں آ گئے تھے۔”
لوگوں کی الجھن اور شش و پنج
اس خبر کے بعد صورتحال کچھ ایسی ہو گئی کہ شوٹنگ کے مقام پر موجود لوگ خود حیران و پریشان تھے:
"سنیل شیٹی کے ساتھ شوٹ ہو رہا تھا، اور لوگ مجھے دیکھ کر چونک رہے تھے کہ یہ شلپا ہی ہے یا کوئی اور؟ کیونکہ اخبارات کچھ اور ہی کہہ رہے تھے۔”
فوری وضاحت دینی پڑی
اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ واپس کمرے میں آئیں تو والد کے درجنوں پیغامات ان کی منتظر تھے۔ تب انہیں اندازہ ہوا کہ معاملہ کس قدر سنجیدہ ہو چکا ہے، اور فوراً وضاحت دینا پڑی کہ یہ سب ایک فلمی پروموشن کا حصہ ہے۔
"پروموشن کا طریقہ نیا ضرور تھا، لیکن اس سے میرے پیاروں کو جو پریشانی ہوئی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔”
بالی ووڈ کا روشن ماضی
شلپا شروڈکر نے 1990 کی دہائی میں "کشمیر”، "ہم”، "آنکھیں” اور "پردیس” جیسی کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، اور اپنی معصومیت، جاندار اداکاری اور خالص ہندوستانی خوبصورتی کے باعث فلمی مداحوں کے دل جیتے۔ اُن کی بہن نمریتا شروڈکر بھی ایک معروف اداکارہ اور سابقہ مس انڈیا رہی ہیں۔






