شاہ رخ خان فلم ‘کنگ’ کی شوٹنگ کے دوران زخمی، علاج کے لیے امریکا روانہ
ممبئی (فلم رپورٹر) – بالی ووڈ کے کنگ خان، معروف اداکار شاہ رخ خان اپنی آنے والی ایکشن فلم ‘کنگ’ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، شاہ رخ کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے امریکا روانہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حادثہ ایک ایکشن سین کی عکس بندی کے دوران پیش آیا، جس میں شاہ رخ خان کی کمر پر چوٹ آئی۔ خوش قسمتی سے چوٹ کی نوعیت خطرناک نہیں ہے، تاہم ڈاکٹرز نے احتیاطی طور پر ایک ماہ کا مکمل آرام تجویز کیا ہے۔
فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان اس وقت اپنی ٹیم کے ہمراہ امریکا میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق، جولائی اور اگست کے تمام شوٹنگ شیڈولز منسوخ کر دیے گئے ہیں، جب کہ اداکار ستمبر یا اکتوبر میں دوبارہ شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔
فلم ‘کنگ’ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں، جو اس سے قبل شاہ رخ خان کے ساتھ سپر ہٹ فلم ‘پٹھان’ بھی بنا چکے ہیں۔ اس فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان کے علاوہ دیپیکا پڈوکون، انیل کپور، جیکی شروف، ابھیشیک بچن، سہانا خان اور ارشد وارثی جیسے مشہور اداکار شامل ہیں۔
فلم انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے شاہ رخ خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔






