ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر فرانسیسی پراسیکیوٹرز کی تحقیقات شروع
پیرس: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) کے مالک ایلون مسک کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے پلیٹ فارم کے خلاف ڈیٹا میں رد و بدل اور فراڈ کے الزامات کی بنیاد پر پولیس تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
فرانسیسی پراسیکیوٹر آفس نے جمعے کو اعلان کیا کہ جینڈر مری کی ایک شاخ اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ تحقیقات کے دو اہم الزامات سامنے آئے ہیں:
ایک آٹو میٹڈ ڈیٹا پروسیسنگ سسٹم کے ذریعے منظم انداز میں ڈیٹا میں رد و بدل کرنا
اسی آٹو میٹڈ سسٹم کے ذریعے مجرمانہ طور پر ڈیٹا نکالنا
تحقیقات کی بنیاد
یہ تحقیقات جنوری میں پراسیکیوٹر کے سائبر کرائمز یونٹ کو دو افراد کی جانب سے دی گئی معلومات کی روشنی میں شروع کی گئی ہیں۔ ان دونوں افراد میں ایک فرانس کی پارلیمنٹ کا رکن جبکہ دوسرا ایک حکومتی عہدے دار ہے، جن کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے۔
الگورتھم پر سوالات
ان افراد نے الزام لگایا ہے کہ ایکس پلیٹ فارم نے اپنے مشتبہ الگورتھم کا استعمال کیا، جس کا مقصد بیرونی مداخلت کے ذریعے ڈیٹا کو متاثر کرنا ہو سکتا ہے۔ اس الزامات کی تحقیقات کے لیے فرانسیسی حکام نے سخت کارروائی شروع کر رکھی ہے۔






