احمد علی بٹ کی وضاحت: "انٹرویو دوبارہ اپ لوڈ کرنا ویوز کے لیے نہیں، مرحومہ حمیرا اصغر کی سچائی سامنے لانے کے لیے تھا”
کراچی: معروف اداکار، میزبان اور پوڈکاسٹر احمد علی بٹ نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ انہوں نے مرحومہ اداکارہ حمیرا اصغر کا پرانا انٹرویو محض ویوز اور شہرت حاصل کرنے کے لیے دوبارہ اپ لوڈ کیا۔
انسٹاگرام پر جاری ایک تفصیلی وضاحت میں احمد علی بٹ نے کہا کہ یہ اقدام کسی قسم کے مالی یا سوشل میڈیا فائدے کے لیے نہیں، بلکہ صرف اس نیت سے کیا گیا کہ عوام مرحومہ حمیرا اصغر کی زندگی، جدوجہد اور خیالات کو ان کے اپنے الفاظ میں سن سکیں، کیونکہ ان کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں کئی غلط اور گمراہ کن معلومات گردش کر رہی ہیں۔
احمد علی بٹ نے بتایا کہ 2024 میں حمیرا اصغر کا انٹرویو ریکارڈ کیا گیا تھا، جب وہ انڈسٹری میں نئی تھیں۔ اس وقت اس ویڈیو کو خاطر خواہ توجہ نہیں ملی۔ تاہم، حمیرا کی المناک وفات کے بعد عوامی دلچسپی بڑھی، اور یہی وہ موقع تھا جب انہوں نے انٹرویو کو دوبارہ اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوبارہ اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں حمیرا کی بلیک اینڈ وائٹ تصویر شامل کی گئی اور ساتھ "انا للہ وانا الیہ راجعون”، "Rest In Peace” اور "Last Interview” جیسے الفاظ شامل کیے گئے تاکہ انٹرویو کے تعزیتی اور حقیقت پسندانہ مقصد کو واضح کیا جا سکے۔
احمد علی بٹ کے مطابق ویڈیو کو صرف ایک دن میں 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد ویوز ملے، جس کے بعد کچھ حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دیا گیا کہ یہ قدم ویوز حاصل کرنے کے لیے اٹھایا گیا۔ احمد علی بٹ نے اس الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا:
"میرے لیے یہ صرف ایک انٹرویو نہیں، ایک انسان کی زندگی کی سچائی ہے جسے توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے بجائے اصل شکل میں لوگوں کے سامنے لانا ضروری تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ کئی یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا صفحات حمیرا کے نام پر افواہیں اور غلط بیانی کر کے صرف ویوز اور کمائی کا ذریعہ بنا رہے ہیں، جو کہ نہ صرف اخلاقی طور پر افسوسناک ہے بلکہ ایک مرحومہ شخصیت کی عزت کے بھی خلاف ہے۔
آخر میں احمد علی بٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں، مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کریں اور ان کی یاد کو مثبت انداز میں زندہ رکھیں۔






