انٹرٹینمنٹ

اداکارہ حمیرا اصغر کے گھر والوں نے کراچی آ کر لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا

کراچی میں اداکارہ حمیرا اصغر کی وفات کے بعد ان کے گھر والوں نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق، پولیس نے مالک مکان سے حمیرا کا رابطہ نمبر حاصل کیا اور سی ڈی آر کی مدد سے متوفیہ کے والد اور بھائی سے رابطہ کیا، لیکن حمیرا کے والد نے کراچی آنے سے انکار کر دیا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ حمیرا کے والد نے ڈیڑھ سے دو سال قبل اپنی بیٹی سے قطع تعلق کر لیا تھا اور کراچی آ کر لاش وصول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ پولیس کی جانب سے والد کو قائل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مزید رابطہ نہیں ہو سکا۔

مہزور علی نے کہا کہ پولیس کوشش کر رہی ہے کہ جلد از جلد اہلخانہ کراچی آئیں تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔ پولیس کے ہاتھ حمیرا کے دو موبائل فونز لگے ہیں جن سے ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پوسٹ مارٹم اور کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ میں اگر کوئی مشکوک بات سامنے آئی تو قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا، اور موت کی اصل وجہ بھی انہی رپورٹس کے بعد واضح ہو سکے گی۔ اگر اہلخانہ مقدمہ درج کرنے سے انکار کرتے ہیں تو پولیس اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرے گی۔

ایس ایس پی مہزور علی نے کہا کہ شوبز انڈسٹری کی جانب سے ابھی تک پولیس سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، جبکہ پڑوسیوں نے بھی حمیرا کو کئی دنوں سے بلڈنگ میں آتے جاتے نہیں دیکھا۔ واضح رہے کہ حمیرا 2024 سے کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں اور مالک مکان نے ان کے خلاف مقدمہ کر رکھا تھا۔

پڑوسیوں کے مطابق حمیرا بلڈنگ میں کسی سے زیادہ میل جول نہیں رکھتی تھیں اور ان کے پاس کوئی گاڑی بھی نہیں تھی۔ یاد رہے کہ حمیرا اصغر نے رئیلٹی شو ’تماشا گھر‘ کے پہلے سیزن میں بطور کنٹسٹنٹ حصہ لیا تھا جہاں انہوں نے خاصی مقبولیت حاصل کی تھی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button