نادیہ حسین کا حمیرا اصغر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار، لڑکیوں کو زندگی کا اہم مشورہ دے دیا
نامور اداکارہ اور ماڈل نادیہ حسین نے حال ہی میں انتقال کرنے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان لڑکیوں کو زندگی کے حوالے سے ایک اہم نصیحت کی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں نادیہ حسین نے کہا کہ حمیرا کی خبر سن کر دل بہت افسردہ ہوا اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ نادیہ نے بتایا کہ حمیرا شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھتی تھیں، ابتدا میں ماڈلنگ کرتی تھیں اور بعد ازاں اداکاری میں بھی اپنا حصہ ڈال رہی تھیں۔ ان کے بقول، حمیرا شاید جدوجہد کے اس مرحلے سے گزر رہی تھیں اور اکیلی زندگی گزار رہی تھیں۔
نادیہ نے کہا کہ یہ افسوس صرف اس لیے نہیں کہ حمیرا ہماری انڈسٹری کا حصہ تھیں، بلکہ اس لیے بھی کہ ہماری معاشرتی حقیقت یہ ہے کہ بہت سی لڑکیاں خاندانی سپورٹ اور اعلیٰ تعلیم کے بغیر اہم مواقع سے محروم رہ جاتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں اپنی زندگی میں خودمختار بننا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آج کے دور میں اکیلے جدوجہد کرنا خاص طور پر خواتین کے لیے بہت چیلنجنگ ہو چکا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ معاشرہ لڑکیوں کو سہارا دے اور انہیں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرے تاکہ وہ اپنی زندگی خوشحال بنا سکیں۔





