نادیہ خان کا یوٹرن: ہانیہ عامر کی بھارتی فلم میں انٹری پر کھل کر تعریف
کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے بالی وُڈ پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ کے ٹریلر ریلیز کے بعد اداکارہ ہانیہ عامر کے بارے میں اپنے سابقہ مؤقف سے یوٹرن لیتے ہوئے ان کی زبردست تعریف کی ہے۔
نجی ٹی وی پر اپنے شو میں گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ کے ٹریلر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ عامر نے بھارتی فلم انڈسٹری میں شاندار انٹری دی ہے، جو قابلِ تعریف ہے۔
افواہوں کا خاتمہ، حقیقت سامنے آ گئی
نادیہ خان نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے ہانیہ عامر کو فلم سے نکال دیا گیا ہے اور ان کی جگہ کسی بھارتی اداکارہ کو لے کر فلم دوبارہ شوٹ کی جائے گی۔ تاہم، فلم کے حالیہ ٹریلر نے ان تمام قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کر دیا ہے، کیونکہ ٹریلر میں ہانیہ عامر نمایاں نظر آ رہی ہیں۔
سکھ فلم سازوں اور فنکاروں کے مؤقف کی تعریف
نادیہ خان نے فلم میں شامل سکھ اداکاروں اور فلم سازوں کی خاموش حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "انہوں نے کسی قسم کا ردعمل دیے بغیر افواہوں کو پھیلنے دیا، لیکن درحقیقت ہانیہ کو فلم سے نہیں نکالا گیا تھا”۔ اُنہوں نے دلجیت دوسانجھ کی خاموشی کو بھی حکمت عملی قرار دیا اور کہا کہ ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد ہر طرف ہانیہ عامر چھا گئی ہیں۔
نادیہ خان کی مثبت تبدیلی
ماضی میں بھارتی انڈسٹری میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کے حوالے سے محتاط یا تنقیدی رائے رکھنے والی نادیہ خان نے اس بار ہانیہ عامر کی کاوش کو سراہتے ہوئے ایک مثبت پیغام دیا ہے، جسے مداح سوشل میڈیا پر سراہ رہے ہیں۔






