صحت

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا والدین سے جذباتی اپیل: "خدا کا واسطہ ہے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں”

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — پاکستان بھر میں تیسری قومی پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے جس کے تحت 4 کروڑ 58 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے والدین سے انتہائی جذباتی انداز میں اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں مستقل معذوری سے بچایا جا سکے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے 50 اضلاع پولیو سے متاثر ہیں اور یہ ایک انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔ انہوں نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "خدا کا واسطہ ہے بچوں کو ویکسین پلائیں۔ پولیو ایک ایسا مرض ہے جو ایک بار ہوجائے تو عمر بھر ساتھ رہتا ہے۔ کینسر کا علاج موجود ہے، لیکن پولیو کا کوئی علاج نہیں۔”

وفاقی وزیر صحت نے واضح کیا کہ یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جا رہی ہے تاکہ خطے کو پولیو فری بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "یہ کوئی سازش نہیں، بلکہ ایک خالص انسانی خدمت ہے۔ میرے لہجے کی تلخی کو نہ سوچیں، میری نیت بچوں کی صحت ہے۔”

مصطفیٰ کمال نے والدین کو خبردار کیا کہ جو بچے پولیو کے قطرے نہیں پلائیں گے، ان کے ذمہ روزِ قیامت جواب دہی ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ افغانستان میں بھی بھرپور پولیو مہم جاری ہے، جہاں قندھار کے کچھ علاقوں میں قطرے مساجد میں بلا کر پلائے جا رہے ہیں۔

وزیر صحت نے قوم سے اپیل کی کہ پولیو کے خلاف بھی ویسی ہی متحد ہو جائیں جیسے بھارت کے خلاف ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ قطرے نہ پلوانے والے والدین کو پولیس روک نہیں سکے گی بلکہ پولیس صرف مہم کی سکیورٹی فراہم کرے گی۔

اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور افغانستان کی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہر فرد اپنی ذمہ داری سمجھے گا اور اس قومی جنگ میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button