تحقیق: الزائمرز اور ڈیمینشیا کے لیے APOE جین لازمی
ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ الزائمرز اور ڈیمینشیا کے بہت سے کیسز مخصوص جین کے بغیر واقع نہیں ہو سکتے۔
یونیورسٹی کالج لندن اور یونیورسٹی آف ایسٹرن فن لینڈ کے سائنس دانوں نے بتایا کہ عمر، طرزِ زندگی اور ماحولیات جیسے عوامل تو الزائمرز کے خطرے میں کردار ادا کرتے ہیں، لیکن APOE جین اس میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ تحقیق کے مطابق الزائمرز کے 10 میں سے نو کیسز اور ڈیمینشیا کے نصف کیسز اس جین کے مخصوص ویریئنٹ کے بغیر وقوع پذیر نہیں ہو سکتے، جس سے یہ بیماری کی دوا سازی میں ایک اہم ہدف بن سکتا ہے۔
ہر انسان دو APOE جینز رکھتا ہے، جو تین عام اقسام (ε2، ε3، اور ε4) میں سے ہو سکتے ہیں۔ ماضی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ε4 ویریئنٹ ڈیمینشیا کے خطرے کو بڑھاتا ہے کیونکہ یہ پروٹین مؤثر طریقے سے نقصان دہ امیلائڈ بیٹا کو صاف نہیں کرتا، جو دماغی خلیات کے درمیان جمع ہو کر دماغی صلاحیت میں کمی کا سبب بنتا ہے۔
تاہم، تازہ تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ε3 ویریئنٹ، جو عام طور پر الزائمرز کا سبب نہیں سمجھا جاتا، کے اضافی اثر کے بغیر بیماری واقع نہیں ہو سکتی۔ اس دریافت سے بیماری کی روک تھام اور علاج کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔






