وزن کم کرنے کے لیے صبح خالی پیٹ یہ پانچ غذائیں فائدہ مند، فٹنس ایکسپرٹ کی رہنمائی
کراچی: ماہرینِ صحت کے مطابق دن کا آغاز اگر سوچ سمجھ کر کی جانے والی خوراک سے کیا جائے تو وزن کم کرنے کا عمل نسبتاً آسان ہو سکتا ہے۔ صبح خالی پیٹ مخصوص غذائیں کھانے یا پینے سے نہ صرف میٹابولزم تیز ہوتا ہے بلکہ بھوک پر قابو پانے، توانائی بڑھانے اور جسم میں چربی کے جمع ہونے کے عمل کو سست کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق فٹنس ایکسپرٹ نیہا پریہار نے ایسی پانچ غذاؤں کی نشاندہی کی ہے جو خالی پیٹ کھانے یا پینے سے وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ سال کے اختتام پر وزن بڑھنے کی اصل وجہ ایک دن زیادہ کھانا نہیں بلکہ روزانہ کی غلط عادات، صبح کا غیر صحت مند آغاز، توانائی کی کمی اور جسم میں چربی کا بتدریج جمع ہونا ہے۔
نیہا پریہار کے مطابق اگر مقصد پیٹ کی چربی کم کرنا اور جسم کو فِٹ بنانا ہے تو دن کی شروعات ان غذاؤں سے کی جا سکتی ہے:
بھگوئے ہوئے بادام یا اخروٹ: پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی سے بھرپور، دیر تک توانائی فراہم کرتے ہیں اور غیر ضروری بھوک کم کرتے ہیں۔
آملے کا رس (بغیر چینی): میٹابولزم کو بہتر بناتا ہے، نظامِ ہاضمہ کو سہارا دیتا ہے اور بھوک پر قابو پانے میں مددگار ہوتا ہے۔
برازیل نٹس: سیلینیم، پروٹین، فائبر اور صحت مند فیٹس سے بھرپور، تھائیرائیڈ کے افعال اور ہارمونز کے توازن میں مدد دیتے ہیں۔ پانی یا بھگوئے ہوئے بادام کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
گرم پانی میں ہلدی اور کالی مرچ: میٹابولزم کو تیز کرنے والا مشروب، صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ وزن کم کرنے میں معاون۔
چیا سیڈ والا پانی: ہاضمہ بہتر بنانے اور بھوک کم کرنے میں مددگار، جس سے کیلوریز کی کمی آسان ہو جاتی ہے۔
نیہا پریہار کا کہنا ہے کہ اگر ان غذاؤں کو باقاعدگی سے متوازن خوراک، گھر پر سادہ ورزش اور روزانہ خود احتسابی کے ساتھ اپنایا جائے تو 30 سے 90 دن کے اندر واضح نتائج دیکھے جا سکتے ہیں۔






