سعودی عرب کے معمر ترین شہری نصیر بن رادان الراشد ال وداعی 142 سال کی عمر میں وفات پا گئے
سعودی عرب کے جنوبی خطے دہاران ال جنوب کے رہائشی نصیر بن رادان الراشد ال وداعی، جو ملک کے معمر ترین شہری سمجھے جاتے تھے، 142 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ میں تقریباً 7 ہزار افراد نے شرکت کی اور بعد ازاں تدفین ان کے آبائی گاؤں ال راشد میں کی گئی۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق نصیر بن رادان کی پیدائش موجودہ سعودی عرب کے قیام سے قبل ہوئی تھی، اور انہوں نے جدید سعودی ریاست کے بانی شاہ عبدالعزیز سے لے کر شاہ سلمان تک ہر حکمران کے دور کو دیکھا۔ ان کی زندگی صدی سے زائد عرصے پر محیط تھی اور اس دوران سعودی عرب میں اہم سیاسی، سماجی اور معاشی تبدیلیاں رونما ہوئیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نصیر بن رادان ایک مذہبی عقیدت مند شہری تھے اور اپنی زندگی میں 40 سے زائد حج ادا کیے۔ ان کے بچے، پوتے، پوتیاں اور نواسے نواسیوں کی تعداد 134 بتائی جاتی ہے۔ حیران کن طور پر، انہوں نے 110 سال کی عمر میں آخری مرتبہ شادی کی اور اس ازدواج سے ان کی ایک بیٹی ہے۔
ان کے انتقال کی خبر سعودی عرب کے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور انہیں ایمان، صبر اور ثابت قدمی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔






