انٹرٹینمنٹ

"فن کی کوئی سرحد نہیں، مگر وطن سب سے پہلے ہے” — مشی خان کا بھارتی میڈیا پر دو ٹوک ردعمل

کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان مشی خان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا کے رویے پر شدید تنقید کی ہے۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ صورتحال، شوبز سے وابستہ حساس موضوعات اور قومی ذمہ داریوں پر بے باک انداز میں اظہارِ خیال کیا۔

مشی خان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مبینہ فالس فلیگ آپریشن اور پاکستان کی سرحدوں پر بھارتی جارحیت کو "ظالمانہ اور بلاجواز” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دشمن کے حملے کا بھرپور جواب دے کر قوم کو سرفخر سے بلند کر دیا، اور آج ہر پاکستانی اس کامیابی پر خوشی سے سرشار ہے۔

اداکارہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستانی فنکار اب خاموش نہیں رہے۔ انہوں نے کہا:

"الحمدللہ، ہمارے فنکار جاگ گئے ہیں، اب جو پوسٹس، ویڈیوز اور بیانات سامنے آ رہے ہیں وہ امید کی کرن ہیں۔ یاسر نواز اور منیب بٹ کی ویڈیو دیکھی تو دل خوش ہو گیا۔”

مشی خان نے واضح کیا کہ فنکار صرف تفریح فراہم کرنے والے نہیں، بلکہ وہ رائے عامہ کو متاثر کرنے کی طاقت رکھتے ہیں، اور ایسے وقت میں ان کی خاموشی بھی ایک جرم بن جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ:

"فن کی کوئی سرحد نہیں، لیکن جب دو ملک آمنے سامنے ہوں تو فنکاروں کو خود اپنی حدیں طے کرنا پڑتی ہیں۔ جب وطن خطرے میں ہو تو اپنی شناخت، نظریے اور زمین کو مقدم رکھنا چاہیے۔”

بھارتی میڈیا پر سخت تنقید کرتے ہوئے مشی خان نے اسے "چیختی چلاتی پرانی پنجابی فلم” سے تشبیہ دی، جس میں سچائی کے بجائے ڈرامہ، سنسنی اور فریب زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا بغیر ثبوت اور تحقیق کے عوام کو گمراہ کرتا ہے۔

انہوں نے بھارتی یوٹیوبر اور سابق فوجی گورو آریہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف جذبات بھڑکانے میں مصروف رہے اور اب اپنی ہی باتوں پر شرمندگی سے معافی مانگ رہے ہیں۔

مشی خان کے اس دوٹوک مؤقف کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، جہاں صارفین انہیں ایک جراتمند آواز قرار دے رہے ہیں جو نہ صرف اپنے فن بلکہ اپنے وطن کے لیے بھی کھڑی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button