فیصل قریشی کا بھارتی فنکاروں کو کرارا جواب: "شہادت پر خوشی منانا شرمناک، انسانیت کا مذاق نہ اُڑائیں”
کراچی: پاکستان کے نامور اداکار فیصل قریشی نے حالیہ کشیدہ حالات پر اپنے ویڈیو بیان میں بھارتی فنکاروں اور عوام کی جانب سے پاکستان پر حملے کی خوشی منانے کو "شرمناک اور بزدلانہ عمل” قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی انسانی جان کے ضیاع پر جشن منانا نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ انسانیت کی توہین ہے۔
فیصل قریشی نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے میں ایک معصوم بچے کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "ہم مسلمانوں کے لیے شہادت ایک معتبر مقام رکھتی ہے، لیکن افسوس ہے کہ تم لوگوں کی وجہ سے ایک بےگناہ بچہ شہید ہوا۔”
انہوں نے اپنے بیان میں بھارتیوں سے سوال کیا: "تمہیں کس بات کی کامیابی ملی ہے؟ تمہارے جہاز گرے ہیں، تمہارے ڈرون تباہ ہوئے ہیں، اور تم نے صرف ایک معصوم جان لی ہے، جس پر ہمیں شدید دکھ ہے۔”
فیصل قریشی نے بھارتی فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی دباؤ کے تحت جنگی بیانیے کا ساتھ دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان میں فنکاروں کو اپنے مؤقف کے اظہار کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ "ہم اپنی ریاست کے خلاف نہیں، مگر ہم سچ بولنے کا حق رکھتے ہیں۔”
اداکار نے زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور رہے گا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم کمزور ہیں۔ "ہم انسانیت کا احترام کرتے ہیں، لیکن اگر کوئی ہمارے بچوں کی طرف بڑھے گا، تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔”
فیصل قریشی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، اور پاکستانی عوام ان کے مؤقف کو سراہتے ہوئے اتحاد، یکجہتی اور انسانی اقدار کی پاسداری پر زور دے رہے ہیں۔






