بھارتی جارحیت پر پاکستانی فنکاروں کا شدید ردعمل: "یہ بزدلانہ حملہ ناقابلِ برداشت ہے”
کراچی / لاہور
بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان کے مختلف شہروں پر میزائل حملوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر پاکستان بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
جہاں پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، وہیں پاکستان کے معروف فنکاروں نے بھی بھارتی بزدلی اور جارحیت کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان، جنہوں نے بالی ووڈ میں شاہ رُخ خان کے ساتھ کام کیا، نے بھارتی حملے کو "بزدلانہ اقدام” قرار دیتے ہوئے کہا:
"ہم اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔”
اداکار بلال عباس خان نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"بھارت کا یہ اقدام ذلت آمیز اور ناقابلِ قبول ہے۔ ہم ہر قیمت پر اپنے وطن کا دفاع کریں گے۔”
اداکارہ ماورا حسین، جو بھارتی فلم "صنم تیری قسم” میں مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں، نے کہا:
"ان معصوم جانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ یہ حملہ ایک شرمناک عمل ہے۔”
فرحان سعید نے بھارتی کارروائی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کا شکریہ ادا کیا اور کہا:
"آج ایک بار پھر ہمیں قیامِ پاکستان کی اہمیت سمجھ آ رہی ہے۔ بھارت کی انا اور شدت پسندی نے خطے کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔”
اداکارہ عروہ حسین نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا:
"یہ جنگ نہیں، ایک پڑوسی کی ضد ہے۔ ہم کسی کی انا کی بھینٹ نہیں چڑھیں گے۔”
اداکار منیب بٹ نے ویڈیو پیغام میں دنیا کو یاد دلایا:
"پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے۔ ہم پر حملہ کرنے والے یہ نہ بھولیں کہ ہم اپنی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔”
بھارت میں بے پناہ مداح رکھنے والی ہانیہ عامر نے بھی بھارتی حملے کو "شرمناک اور بزدلانہ” قرار دیا اور کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا کسی مہذب ملک کا وطیرہ نہیں ہو سکتا۔
اداکار اسامہ خان نے اس کشیدہ صورتحال پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
قوم متحد، شوبز سے لے کر سرحد تک: ہر پاکستانی اپنے وطن کے دفاع میں یک زبان
فنکاروں کے ان بیانات نے سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی حاصل کی ہے، اور عوام نے ان کے مؤقف کو قوم کی اجتماعی آواز قرار دیا ہے۔ آج پاکستان کا ہر فرد—چاہے وہ محاذ پر ہو یا پردۂ اسکرین پر—اپنے وطن کے لیے متحد ہے۔





