رجب بٹ کی ممکنہ وطن واپسی پر چہ مگوئیاں، سوشل میڈیا پر نئی سرگرمیوں نے مداحوں کی توجہ کھینچ لی
لاہور/اسلام آباد – سوشل میڈیا پر مقبول مگر متنازع یوٹیوبر اور کانٹینٹ کریئیٹر رجب بٹ کی ممکنہ وطن واپسی سے متعلق چہ مگوئیاں زور پکڑ گئی ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کی گئی تصویر نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
تصویر میں رجب بٹ کو ایک خاتون، غالباً اپنی والدہ کا ہاتھ تھامے دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں کہ وہ پاکستان واپس آ چکے ہیں۔ اگرچہ اب تک رجب بٹ یا ان کے قریبی ذرائع کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، تاہم صارفین بڑی تعداد میں ان کی واپسی کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ رجب بٹ گزشتہ ماہ ایک متنازع ویڈیو اور پرفیوم کے نام کی وجہ سے تنقید کی زد میں آئے تھے۔ ان پر توہینِ مذہب کے الزامات عائد کیے گئے، جس کے بعد وہ احتیاطی طور پر سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ وہاں انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی اور مسجد الحرام میں مطاف کے مقام پر کھڑے ہو کر مداحوں اور عوام سے معافی مانگی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
رجب بٹ نے بعد ازاں دبئی، قطر اور لندن میں قیام کیا۔ ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں، اور کہا:
"یہ میرا ملک ہے، میں ضرور واپس آؤں گا، لیکن کچھ ہائی کمانڈز کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے۔ انشاءاللّٰہ اجازت ملی تو فوراً واپسی ہوگی۔”
فی الحال ان کے واپس آنے سے متعلق کوئی سرکاری یا حتمی بیان سامنے نہیں آیا، لیکن ان کی حالیہ آن لائن سرگرمیوں نے مداحوں میں تجسس بڑھا دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر #RajjabButtComeBack اور #WelcomeBackRajjab جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں۔






