فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ تنازع کا شکار، وانی کپور کے انسٹاگرام سے پوسٹس غائب
ممبئی/لاہور: پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ اداکار فواد خان اور بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور کی آنے والی فلم ’عبیر گلال‘ پر جاری کشیدگی میں اس وقت نیا موڑ آ گیا جب وانی کپور کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے فلم سے متعلق تمام پوسٹس اچانک غائب ہو گئیں۔
یہ فلم جہاں فواد خان کی نو سال بعد بالی ووڈ واپسی کا باعث بننے جا رہی تھی، وہیں حالیہ پہلگام حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث فلم پر بائیکاٹ کی صدائیں بلند ہونے لگیں۔
سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ وانی کپور نے جان بوجھ کر فلم کا تشہیری مواد ڈیلیٹ کر دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ تنازع سے بچا جا سکے۔ تاہم بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پوسٹس انسٹاگرام کولیبریشن کے تحت شیئر کی گئی تھیں، جنہیں پروڈکشن ٹیم نے اپنے اختیارات کے تحت ہٹایا۔
اسی تناظر میں بھارتی فلمی ادارے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سِنے ایمپلائز (FWICE) نے ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فلمی تعاون پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
فلم ’عبیر گلال‘ کو 9 مئی 2025ء کو بیک وقت پاکستان اور بھارت میں ریلیز کیا جانا تھا، تاہم موجودہ حالات میں فلم کی ریلیز، تشہیر اور کامیابی پر غیریقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔
ماہرین فنون لطیفہ کا کہنا ہے کہ فن اور ثقافت کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے، کیونکہ فنکار دونوں ممالک کے عوام کے درمیان امن، دوستی اور ہم آہنگی کے سفیر ہوتے ہیں۔






