انٹرٹینمنٹ

فیصل قریشی کا امن کا پیغام: "فنکار نفرت نہیں، محبت کے سفیر ہونے چاہییں”

کراچی: پاکستان کے سینئر اداکار اور معروف میزبان فیصل قریشی نے پاک بھارت تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے لیے اختیار کیا گیا نفرت انگیز رویہ یکطرفہ ہے، جبکہ پاکستانی فنکار ہمیشہ محبت، امن اور ثقافتی ہم آہنگی کے حامی رہے ہیں۔

فیصل قریشی نے حالیہ پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی فنی زندگی کے تجربات کے ساتھ ساتھ پاک بھارت تعلقات، بھارتی فلموں میں پاکستان مخالف مواد، اور بھارتی عوام کے اندر پیدا کیے گئے تعصبات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری اور خاص طور پر موجودہ حکومت فن کو نفرت کا ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہی ہے، اور اکثر فلموں اور ویب سیریز میں پاکستان مخالف بیانیہ شامل کیا جاتا ہے تاکہ عوام کے دلوں میں منفی جذبات ابھارے جا سکیں۔

فیصل قریشی نے انکشاف کیا کہ بعض بھارتی سیریز میں ریلیز سے قبل جان بوجھ کر پاکستان مخالف سین شامل کیے گئے، اور ان کے کئی بھارتی دوست خود اس بات پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ تاریخ کو مسخ کر کے نئی نسل کے ذہنوں کو متعصب بنایا جا رہا ہے۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ:
"نفرت کی سیاست سے نہ ماضی میں کچھ حاصل ہوا ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ فنکاروں کا کام سرحدوں کو جوڑنا ہوتا ہے، توڑنا نہیں۔ ہم ہمیشہ محبت کے پیغامبر رہے ہیں اور رہیں گے۔”

انہوں نے نوجوان فنکاروں کو بھی تلقین کی کہ وہ فنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ امن، برداشت اور بھائی چارے کا پرچار کریں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button