صحت

رات کو موبائل کا استعمال کم کریں، نیند بہتر بنائیں — ماہرین کا مشورہ

اسلام آباد: جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ رات کو بستر پر لیٹ کر صرف ایک گھنٹہ موبائل فون استعمال کرنا بھی نیند کی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ معمول بظاہر معمولی نظر آتا ہے، مگر اس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔

ناروے کے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ماہرین نے 45 ہزار یونیورسٹی طلبہ پر تحقیق کی، جس کے نتائج کے مطابق رات کو سونے سے پہلے موبائل فون استعمال کرنے والوں میں بے خوابی کا خطرہ 59 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ اس عادت سے نیند کی کوالٹی اور مقدار دونوں متاثر ہوتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موبائل فون کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے، مگر اس کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے اعتدال اور نظم و ضبط نہایت ضروری ہے۔ رات کو موبائل کا زیادہ استعمال نہ صرف نیند کو متاثر کرتا ہے بلکہ تھکن، ذہنی دباؤ اور ڈپریشن جیسی کیفیات کو بھی جنم دے سکتا ہے۔

صحت مند زندگی کے لیے ماہرین کم از کم سات گھنٹے کی نیند کو ضروری قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بہتر نیند انسان کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی صحت کے لیے بنیاد کا درجہ رکھتی ہے۔

ماہرین نے تجویز دی ہے کہ سونے سے کم از کم ایک گھنٹہ قبل موبائل فون کا استعمال بند کر دینا چاہیے، تاکہ دماغ کو سکون اور نیند کا ماحول مل سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button