سائنس ٹیکنالوجی

کیا آپ جانتے ہیں سورج کا اصل رنگ کیا ہے؟

اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ سورج کا اصل رنگ پیلا، نارنجی یا سرخ ہے، خاص طور پر جب اسے طلوع یا غروبِ آفتاب کے وقت دیکھا جائے، تاہم ماہرینِ فلکیات کے مطابق یہ تاثر درست نہیں۔ سائنسی تحقیق کے مطابق سورج کا حقیقی رنگ سفید ہے، جبکہ زمین سے نظر آنے والا رنگ محض فضائی اثرات کا نتیجہ ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق سورج مرئی اسپیکٹرم کے تمام رنگوں، یعنی بنفشی، نیلے، سبز، پیلے اور سرخ رنگ کی روشنی تقریباً برابر مقدار میں خارج کرتا ہے۔ جب یہ تمام رنگ ایک ساتھ ملتے ہیں تو روشنی سفید دکھائی دیتی ہے۔ خلا میں موجود سیٹلائٹس اور خلاباز بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ زمین کی فضا سے باہر سورج ایک چمکدار سفید روشنی کے طور پر نظر آتا ہے۔

طبیعیات کے لحاظ سے سورج کو جی ٹائپ مین سیکوئنس اسٹار (G2V) قرار دیا جاتا ہے، جس کی سطح کا درجہ حرارت تقریباً 5 ہزار 500 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ اس درجہ حرارت پر سورج متوازن مرئی روشنی خارج کرتا ہے، جس میں کوئی ایک رنگ غالب نہیں ہوتا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین سے سورج کے رنگ میں تبدیلی کی بنیادی وجہ ریلے اسکیٹرنگ (Rayleigh Scattering) نامی سائنسی عمل ہے۔ جب سورج کی روشنی زمین کی فضا سے گزرتی ہے تو فضا میں موجود گیسوں کے سالمات اور باریک ذرات نیلی اور بنفشی روشنی کو زیادہ بکھیر دیتے ہیں، جبکہ سرخ اور پیلی روشنی نسبتاً کم متاثر ہوتی ہے۔

اسی وجہ سے دن کے وقت سورج ہمیں پیلا دکھائی دیتا ہے، جبکہ طلوع اور غروبِ آفتاب کے وقت، جب سورج کی روشنی کو فضا میں زیادہ فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے، تو نیلی روشنی مزید بکھر جاتی ہے اور سورج نارنجی یا سرخ نظر آنے لگتا ہے۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی، موسمی حالات اور آتش فشانی سرگرمیاں بھی فضا میں ذرات کی مقدار بڑھا کر سورج کے رنگ کو مزید سرخی مائل بنا سکتی ہیں، تاہم یہ تمام تبدیلیاں صرف زمینی فضا کا اثر ہیں اور سورج کے اصل رنگ کی نمائندگی نہیں کرتیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button