کینیڈا میں کروڑوں سال پرانے سمندری شکاری جانور کی نئی نسل کی دریافت
کینیڈا میں ایک حیرت انگیز دریافت ہوئی ہے جہاں ایک عجیب و غریب سمندری شکاری جانور کی باقیات ملیں جو کروڑوں سال پہلے موجود تھا۔ حال ہی میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، اس جانور کی شناخت ایلاسموسورس کی نئی نسل کے طور پر کی گئی ہے جسے "ٹراسکاسوارا سینڈرے” کا نام دیا گیا ہے۔
جرنل آف سیسٹیمیٹک پیلیونٹولوجی میں شائع تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ جانور تقریباً 85 ملین سال قبل موجود تھا اور اس کی خصوصیات پہلے دریافت شدہ ایلاسموسورز سے مختلف ہیں۔ ایلاسموسورس ایک بڑے سمندری شکاری تھے جن کی لمبی گردن، بڑا سر اور تیز و لمبے دانت شکار کو پکڑنے اور کھانے کے لیے موزوں تھے۔
ٹراسکاسوارا سینڈرے میں ابتدائی اور جدید خصوصیات دونوں پائی جاتی ہیں، جو اسے اس کی نوع کے دوسرے ممبران سے منفرد بناتی ہیں۔ یہ جانور پلیسیوسورس کی دو قسموں میں سے ایک ہے، جو سمندری رینگنے والے جانور تھے اور تقریباً 215 ملین سے 66 ملین سال پہلے، یعنی آخری کریٹاسیئس دور تک موجود رہے۔
یہ دریافت نہ صرف قدیم سمندری حیات کی سمجھ میں اضافہ کرے گی بلکہ سمندری حیاتیات اور زمین کی تاریخ سے متعلق نئی معلومات بھی فراہم کرے گی۔






