پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کی اسپن بولنگ کوچ الیکس ہارٹلے نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ پی ایس ایل 10 کے ابتدائی میچز میں ملتان سلطانز نے پانچ میچز میں سے صرف ایک جیتا ہے، لیکن الیکس ہارٹلے کا کہنا ہے کہ ٹیم ابھی بھی اپنے ہدف سے دور نہیں ہے اور پلے آف تک پہنچنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکس ہارٹلے نے کہا کہ ان کے لیے یہ ملتان سلطانز کے ساتھ دوسرا سیزن ہے اور اس سال تھوڑا دباؤ محسوس ہو رہا ہے کیونکہ پچھلے سیزن کی نسبت فتوحات کم ہوئی ہیں۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور سب کے چہروں پر مسکراہٹ ہے، جو کہ ایک اچھا اشارہ ہے۔
الیکس ہارٹلے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ مردوں کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے میں بالکل راحت محسوس کرتی ہیں، اور انہیں کبھی بھی کھلاڑیوں کے ساتھ بات کرنے میں کوئی دشواری نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ عزت دینا اور احترام برقرار رکھنا اہم ہے، اور یہی اصول ٹیم میں کامیابی کی بنیاد ہے۔ وہ کوچنگ میں مہارت حاصل کرنے کے سفر پر ہیں اور ابھی بھی سیکھ رہی ہیں۔
اس کے علاوہ، الیکس ہارٹلے نے اسامہ میر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسامہ کو قومی ٹیم میں ہونا چاہیے، کیونکہ اس نے گزشتہ سیزن میں شاندار بولنگ کی تھی اور اس کی تسلسل کے ساتھ بولنگ کی ضرورت ہے۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بھی الیکس نے سراہا اور کہا کہ آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان ویمن ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پانچ میچز میں ناقابل شکست رہی۔ ان کا ماننا ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا کرے گی۔
الیکس ہارٹلے کے مطابق، ملتان سلطانز کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ امید کرتی ہیں کہ ٹیم جلد اپنی کارکردگی میں بہتری لائے گی اور پی ایس ایل 10 میں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرے گی۔






