کرکٹکھیل

انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم آج امریکا کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ میں ایکشن میں

بولاوایو: آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستانی ٹیم آج اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں امریکا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم آج امریکی ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔ میچ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں نے کوئینز اسپورٹس کلب بولاوایو میں بھرپور تربیتی سیشن میں حصہ لیا، جہاں تین گھنٹے تک بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ ڈرلز کی مشقیں کی گئیں۔

پاکستان ٹیم کا پہلا وارم اپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف بارش کے باعث متاثر ہوا تھا، جس میں بنگلہ دیش کی اننگز کے صرف 36.3 اوورز ہی کھیلے جا سکے تھے۔

واضح رہے کہ 16 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 15 جنوری سے 6 فروری تک نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔ دو بار کی چیمپئن پاکستان ٹیم (2004 اور 2006) اپنا افتتاحی میچ 16 جنوری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم شاندار فتوحات کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہے۔ ٹیم نے حال ہی میں دبئی میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیتا، جبکہ ہرارے میں میزبان زمبابوے کو 9 وکٹوں سے ہرا کر انڈر 19 سہ فریقی سیریز کی ٹرافی بھی اپنے نام کی۔

انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور کا کہنا ہے کہ حالیہ ایونٹس میں بہترین کارکردگی کے بعد تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پی سی بی ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی تیاری بہترین انداز میں جاری ہے اور تمام منصوبہ بندی ورلڈ کپ جیتنے کے ہدف کے تحت کی گئی ہے۔

شاہد انور نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف خود کو خوش قسمت سمجھتا ہے کہ اسے باصلاحیت کھلاڑیوں کا ایک مضبوط گروپ ملا ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کی نمایاں خوبی یہ ہے کہ کھلاڑی آخری گیند تک ہار نہیں مانتے اور مسلسل جدوجہد جاری رکھتے ہیں۔

ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ کوچنگ اسٹاف ہر کھلاڑی کے ساتھ انفرادی طور پر کام کر رہا ہے اور اگر ٹیم اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھے تو کسی بھی حریف کے خلاف مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button