بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کے بچپن سے حیران کن مشابہت رکھنے والا ایک بچہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ بھارت میں ون ڈے کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے، خصوصاً اس لیے کہ یہ وہ واحد بین الاقوامی فارمیٹ ہے جس میں ویرات کوہلی اور روہت شرما اب بھی متحرک ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل وڈودرا میں ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے دوران شائقین کا جوش دیدنی تھا۔ اس موقع پر ویرات کوہلی بچوں کو آٹوگراف دیتے نظر آئے، تاہم اسی دوران لی گئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے خاص طور پر ایک ننھے مداح پر توجہ دی جو حیرت انگیز طور پر ویرات کوہلی کے بچپن سے مشابہت رکھتا تھا۔ یہ منظر شائقین کے لیے کسی پرجوش لمحے سے کم نہ تھا، جب ننھا مداح ویرات کوہلی کے پاس آٹوگراف لینے پہنچا۔
مداحوں نے اس بچے کو پیار سے "منی کوہلی” کا نام دے دیا اور اس دلچسپ اتفاق کو "گلچ اِن دی میٹرکس” قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ویرات کوہلی کے بچپن کی تصاویر کے ساتھ اس بچے کی تصاویر کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ چہرے کے خدوخال اور بالوں کا اسٹائل حیران کن حد تک ایک جیسے ہیں۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا، "یہ کوہلی تو نہیں؟” جبکہ ایک اور مداح نے تبصرہ کیا، "انیس بیس کا بھی فرق نہیں۔” ایک اور صارف نے لکھا، "ایسا لگتا ہے جیسے ٹائم ٹریول کر کے اصل ویرات کوہلی خود اپنا آٹوگراف لینے آ گئے ہوں۔”
یہ دلچسپ لمحہ شائقینِ کرکٹ کے لیے خوشگوار تفریح کا باعث بن گیا اور سوشل میڈیا پر خوب داد سمیٹ رہا ہے۔






