پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم کو فوری فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو نئی ٹیموں کی کامیاب بولی کے بعد اب ملتان سلطانز کے آکشن کے لیے پی سی بی حکام اشتہار اور پیپر ورک تیار کر رہے ہیں، اور جلد باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا۔ پی سی بی کو اس فروخت سے ایک بڑی رقم حاصل ہونے کی توقع ہے۔ قبل ازیں، پی سی بی نے موجودہ سیزن میں ملتان سلطانز کو ایک سال کے لیے خود چلانے کا اعلان کیا تھا۔
پی ایس ایل میں دو فرنچائزز کی ریکارڈ فروخت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے بعد ملتان سلطانز کے آکشن پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں حیدر آباد اور سیالکوٹ ٹیموں کی بولی کی طرح، چند روز میں پیپرا رولز کے تحت ملتان سلطانز کو بھی اوپن بولی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔
ملتان سلطانز کے پرانے مالک علی ترین بھی اشتہار کی شرائط پوری کرنے کے بعد اوپن بولی میں حصہ لے کر ٹیم کے نئے مالک بن سکتے ہیں۔ یوں پی ایس ایل سیزن 11 میں ملتان سلطانز نئے مالک کے ساتھ ایکشن میں ہوگی۔






