پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ آج دمبولا میں کھیلا جائے گا، جہاں گرین شرٹس کی نظریں ایک میچ قبل ہی سیریز اپنے نام کرنے پر مرکوز ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے ٹی20 میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ اب قومی ٹیم کو سیریز جیتنے کے لیے ایک اور کامیابی درکار ہے۔
دوسرے میچ میں بھی اسپنرز توجہ کا مرکز رہیں گے جبکہ ٹاپ آرڈر بیٹرز سے تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔ بدھ کی شب کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستانی اسپنرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ شاداب خان نے 25 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد نے اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے 25 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سری لنکا کی ٹیم کو ماضی میں رسٹ اسپن کے خلاف مشکلات کا سامنا رہا ہے اور پاکستان نے اس کمزوری کو بھرپور انداز میں استعمال کیا۔ قومی ٹیم کی بولنگ حکمتِ عملی واضح طور پر مؤثر ثابت ہوئی۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پہلے میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اگرچہ انہوں نے فیلڈنگ میں کچھ خامیوں کی نشاندہی کی، تاہم بولنگ کے آغاز کو شاندار قرار دیا۔ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ اسٹمپس پر اٹیک کی بدولت ٹیم کو میچ پر کنٹرول ملا، جس کے بعد اسپنرز کو آزمانا آسان ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ہے کہ اس کے پاس شاداب خان اور محمد نواز جیسے آل راؤنڈر اسپنرز موجود ہیں، جو ٹیم کو مختلف آپشنز فراہم کرتے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران بولرز کی بہتری پر بھرپور محنت کی گئی، جس کے باعث اب انتخاب کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
ہیڈ کوچ نے بیٹنگ یونٹ کو بھی سراہا اور ان دنوں بگ بیش لیگ میں مصروف بابر اعظم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بابر بیٹنگ لائن اپ میں توازن پیدا کرتے ہیں اور اسٹروک پلیئرز کو ایک ساتھ جوڑ کر رکھتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم نے جمعرات کو پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی تاکہ کھلاڑی مکمل طور پر تازہ دم ہو کر دوسرے ٹی20 میں میدان میں اتریں۔






