کرکٹکھیل

پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی آج، 10 کمپنیوں میں سخت مقابلے کی توقع

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی آج جناح کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔ نیلامی کی تقریب شام 4 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوگی۔

ذرائع کے مطابق نئی پی ایس ایل ٹیموں کی نیلامی اوپن آکشن کے ذریعے کی جائے گی، جس کا آغاز ریزرو پرائس کے اعلان سے ہوگا۔ ریزرو پرائس کا باضابطہ اعلان نیلامی سے قبل کیا جائے گا۔ نیلامی کا عمل دو مرحلوں پر مشتمل ہوگا اور بولیاں ریئل ٹائم میں لگائی جائیں گی۔

سب سے زیادہ بولی دینے والا فریق فرنچائز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے شہر کے انتخاب کا حق بھی حاصل کرے گا۔ کامیاب بولی دہندہ کو فرنچائز کے حقوق 10 سال کے لیے دیے جائیں گے، جو 2035 تک مؤثر ہوں گے۔

پی ایس ایل کی نئی فرنچائزز کے لیے فیصل آباد، گلگت، حیدرآباد، مظفرآباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ کو ممکنہ شہر قرار دیا گیا ہے، تاہم فہرست سے ہٹ کر کسی شہر کے انتخاب کی صورت میں اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے حصول کے لیے 10 کمپنیوں کے درمیان مقابلہ ہوگا، جن میں ایم نیکسٹ، ڈہرکی شوگر ملز، ایف کے ایس، پرزم ڈیولپرز، انوریکس سولر، جاز، آئی ٹو سی، ولی ٹیکنالوجیز، ویگو ٹیل اور اوزی ڈویلپرز شامل ہیں۔

نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہو جائے گی۔ پی ایس ایل سیزن 11 کا آغاز 26 مارچ 2026 سے ہوگا جبکہ فائنل 3 مئی 2026 کو کھیلا جائے گا۔

نیلامی کی تقریب کے اختتام پر معروف گلوکار راحت فتح علی خان خصوصی پرفارمنس پیش کریں گے، جبکہ پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح ٹیموں کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button