کرکٹکھیل

آئی ایل ٹی 20 فائنل: نسیم شاہ اور کیرون پولارڈ کے درمیان تلخ کلامی، میدان میں ہی حساب برابر

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی ایل ٹی 20 کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کے دوران ڈیزرٹ وائپرز کے فاسٹ بولر نسیم شاہ اور ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا۔

یہ واقعہ ایم آئی ایمریٹس کی اننگز کے 11ویں اوور میں پیش آیا، جب نسیم شاہ کی گیند کو کیرون پولارڈ نے ڈیفنس کیا اور گیند سیدھی بولر کی جانب واپس چلی گئی۔ نسیم شاہ نے گیند اٹھا کر مسکراتے ہوئے پولارڈ کی طرف دیکھا، جس پر پولارڈ نے جارحانہ ردعمل ظاہر کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان لفظی جھڑپ شروع ہو گئی۔

تنازع کے دوران دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔ پولارڈ واضح طور پر غصے میں دکھائی دیے جبکہ نسیم شاہ بھی بھرپور انداز میں جواب دیتے نظر آئے۔ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے امپائرز کے ساتھ ساتھ ڈیزرٹ وائپرز کے بیٹر جیسن رائے نے مداخلت کی اور معاملہ رفع دفع کرایا۔

تاہم نسیم شاہ نے بعد میں میدان میں ہی اس تلخ کلامی کا جواب دے دیا۔ 16ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر انہوں نے کیرون پولارڈ کو آؤٹ کر کے بدلہ چکا دیا۔ پولارڈ 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

فائنل میچ میں ڈیزرٹ وائپرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا آئی ایل ٹی 20 ٹائٹل جیت لیا۔ وائپرز کی فتح میں نسیم شاہ کی عمدہ بولنگ اور کپتان سیم کرن کی ناقابلِ شکست نصف سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ سیم کرن کی قیادت میں ڈیزرٹ وائپرز چار سیزنز میں تیسری مرتبہ فائنل تک پہنچے اور بالآخر پہلی بار آئی ایل ٹی 20 کی ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button