پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ آئی سی سی کو بھجوا دیا
ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھجوا دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اسکواڈ کے ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کے نام بھی آئی سی سی کو فراہم کیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی 31 جنوری تک آئی سی سی کی اجازت کے بغیر اسکواڈ میں تبدیلی کر سکتا ہے، اس کے بعد ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری ضروری ہوگی۔
پی سی بی کا ارادہ ہے کہ سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کے بعد ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کے اسکواڈ کا حتمی اعلان کیا جائے، تاکہ سری لنکا سیریز میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو دیکھ کر حتمی ٹیم کا انتخاب کیا جا سکے۔
ابتدائی ناموں میں دورہ سری لنکا کے کھلاڑیوں کے ساتھ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے نام بھی شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے، اور پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔






