پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے میچز کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے بعد انہیں وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شاہین آفریدی 27 دسمبر کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے گھٹنے میں تکلیف محسوس کی۔ انجری کی تشخیص کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ انہیں فوری طور پر پاکستان واپس بلایا جائے۔
شاہین آفریدی ممکنہ طور پر بدھ کو وطن واپس آجائیں گے، اور ان کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔ برسبین ہیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کی ایڈیلیڈ سے واپسی کے بعد شاہین آفریدی کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔
شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو انجری کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر متوقع طور پر انجری کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں واپس بلا لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں ری ہیب مکمل کریں گے اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی وہ دوبارہ کھیل کے میدان میں واپس آئیں گے۔
شاہین آفریدی کی انجری ٹیم اور ان کے مداحوں کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہے، تاہم ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں تاکہ وہ جلد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آ سکیں۔






