عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کی بہن ماریا سول میسی ایک سنگین ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی ہیں، جس کے باعث ان کی آئندہ ماہ طے شدہ شادی مؤخر کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ امریکا کے شہر میامی میں پیش آیا، جہاں ماریا سول گاڑی چلاتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھی اور گاڑی دیوار سے ٹکرا گئی۔
ارجنٹائن کے معروف صحافی اینخل ڈی بریتو نے ایک پروگرام میں بتایا کہ میسی کی والدہ سیلیا کوچیتینی نے تصدیق کی ہے کہ ماریا سول اب خطرے سے باہر ہیں، تاہم انہیں طویل بحالی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
حادثے میں ماریا سول کو ریڑھ کی ہڈی کے فریکچر، ایڑی اور کلائی کی ہڈی ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ جلنے کے زخم بھی آئے ہیں، جو علاج کے لحاظ سے پیچیدہ سمجھے جا رہے ہیں۔
اینخل ڈی بریتو کے مطابق ماریا سول کی شادی 3 جنوری کو ارجنٹائن کے شہر روزاریو میں انٹر میامی انڈر 19 ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے رکن جولین تولی ارییانو سے طے تھی، لیکن صحت کی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر حادثے کی نوعیت کے بارے میں مختلف اطلاعات سامنے آئیں، تاہم بعد میں خاندان نے واضح کیا کہ ماریا سول گاڑی چلاتے ہوئے بے ہوش ہو گئی تھیں۔ وہ اب روزاریو میں بحالی کا عمل شروع کر چکی ہیں۔






