جنوری کے پہلے ہفتے میں شیڈول دورہ سری لنکا کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعلان کی توقع ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلے جائیں گے۔ سلیکٹرز نے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔
فنٹس مسائل سے نجات پانے کے بعد بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شاداب خان کو سری لنکا کے خلاف سیریز میں موقع ملنے کا امکان ہے۔
شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، حارث رؤف، محمد رضوان اور حسن علی کو بگ بیش لیگ کے مکمل میچز کھیلنے کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے، جس کے باعث ان کی جگہ دورے کے لیے عبدالصمد اور معاذ صداقت سمیت دیگر نوجوان پرفارمرز کے نام زیر غور ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو 6 جنوری سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ابتدائی کھلاڑیوں کی فہرست بھجوانی ہے، جس میں یکم فروری تک تبدیلی کی اجازت ہوگی۔ واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا نے اپنے ورلڈکپ اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔






