دبئی: ایشیا کپ کے حالیہ میچ کے دوران جہاں بھارتی میڈیا (گودی میڈیا) نے پاکستان کے خلاف نفرت پر مبنی بیانیے کو ہوا دینے کی کوشش کی، وہیں دبئی اسٹیڈیم میں پاکستانی اور بھارتی شائقین نے دوستی، محبت اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی بہترین مثال پیش کی۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور ان کی ٹیم کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے جیسے واقعے کو جہاں بھارتی میڈیا نے نظرانداز کیا، وہیں بھارتی عوام نے اپنی ٹیم پر شدید تنقید کی۔
دبئی میں موجود بھارتی شائقین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“ہماری ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملا کر غلط کیا، دونوں ملکوں کے لوگ کرکٹ کو کھیل سمجھتے ہیں، نہ کہ جنگ۔”
ایک بھارتی فین نے بتایا کہ وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں، جبکہ دوسرے نے پاکستان کی شکست کے بعد اپنے پاکستانی دوست کا حوصلہ بڑھایا۔
کرکٹ کے دو مشہور شائقین بھارتی فین سدھیر اور پاکستانی چاچا کرکٹ کی دبئی اسٹیڈیم میں ملاقات، ہاتھ ملانا اور گلے لگنا شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا — ایک منظر جو گودی میڈیا کے بیانیے کی مکمل نفی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل سمیت مزید دو ممکنہ مقابلے کھیلے جا سکتے ہیں، جن میں دبئی سمیت مختلف مقامات پر شائقین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
شائقین کا کہنا ہے کہ:
“گودی میڈیا اور بعض حکومتی حلقوں سے کسی خیر کی امید نہیں، لیکن عوامی سطح پر محبت اور امن کی خواہش آج بھی زندہ ہے۔”
دبئی میں پاک بھارت کرکٹ میچ نہ صرف ایک میدانی مقابلہ تھا بلکہ ایک سفارتی پیغام بھی — کہ کھیل کو نفرت نہیں، محبت جیتاتی ہے۔






