اسلام آباد: ایشیا کپ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی ٹیم کو اجلاس میں خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر عہدیدار محسن نقوی نے اجلاس میں کہا کہ اے سی سی کی ٹیم اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارک باد کی مستحق ہے، جس سے خطے میں نوجوان کرکٹرز کے فروغ کو نیا عروج ملا ہے۔
اجلاس میں ایشیا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ہائی پرفارمنس سنٹرز کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا اور باقاعدہ منظوری دی گئی۔ محسن نقوی نے بتایا کہ ان جدید سنٹرز کے ذریعے ان ایشیائی ممالک کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں گی جن کے پاس اس وقت جدید کرکٹ انفراسٹرکچر موجود نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے سی سی کے ہائی پرفارمنس سنٹرز کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جائے گا تاکہ خطے میں جدید کرکٹ سہولیات عام کی جا سکیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت میسر آئے۔
اجلاس میں صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام، چیئرمین افغانستان کرکٹ بورڈ میرویس اشرف، جنرل سیکرٹری ایمریٹس کرکٹ بورڈ مبشر عثمانی، اے سی سی کے تھوسٹ پریرا سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ماہرین کے مطابق ہائی پرفارمنس سنٹرز کے قیام سے خطے کے نوجوان کھلاڑیوں کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور ایشیائی کرکٹ میں معیار بلند کرنے میں مدد ملے گی۔






