انڈر 19 ایشیا کپ: بھارت کے خلاف فتح کے ہیرو سمیر منہاس، لمبی اننگز کھیلنے کا شوقین نوجوان
پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، تاہم اس تاریخی فتح میں پہاڑ جیسے اسکور کی بنیاد رکھنے والا نوجوان بلے باز سمیر منہاس سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ صرف 19 سال اور 19 دن کی عمر میں شاندار اور طویل اننگز کھیل کر سمیر منہاس نے اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
دو دسمبر 2006 کو جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں پیدا ہونے والے دائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز سمیر منہاس کا تعلق ایک کرکٹ کھیلنے والے گھرانے سے ہے۔ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عرفات منہاس کے چھوٹے بھائی ہیں، جنہوں نے 2023 اور 2024 کے دوران ہانگ کانگ، افغانستان، بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف پاکستان کی جانب سے چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ سمیر منہاس نے بڑی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا ہو۔ اسی ایونٹ میں پاکستان کے پہلے اور مجموعی طور پر دوسرے میچ میں انہوں نے ملائیشیا کے خلاف 177 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے 11 چوکے اور 8 چھکے لگا کر اپنی جارحانہ اور اعتماد بھری بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
سمیر منہاس ان باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاتھ وے سسٹم سے سامنے آئے ہیں۔ انڈر 19 قومی ٹیم میں شمولیت سے قبل وہ ملتان ریجن انڈر 13، سدرن پنجاب انڈر 16، ملتان انڈر 19 اور ملتان ریجن انڈر 19 کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ سمیر منہاس کی مستقل مزاجی، طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت اور دباؤ میں پرفارم کرنے کی عادت انہیں مستقبل کا ایک بڑا اسٹار بنا سکتی ہے، اور اگر یہی فارم برقرار رہی تو وہ جلد سینئر قومی ٹیم کا حصہ بھی بن سکتے ہیں۔






