سڈنی (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کے فاسٹ بولر عرفان جونیئر پر آسٹریلیا میں بال ٹیمپرنگ کا جرم ثابت ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں ان پر پانچ میچز کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، امپائرز نے وکٹوریا پریمیئر شپ میچ کے دوران عرفان جونیئر پر بال کی حالت خراب کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ معاملہ ٹریبونل کے سامنے پیش کیا گیا جہاں جرم ثابت ہونے پر کرکٹ وکٹوریا ٹریبونل نے پابندی کا باضابطہ اعلان کیا۔
عرفان جونیئر اس وقت آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ ماضی میں پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں حصہ لے چکے ہیں اور پاکستان سپر لیگ (PSL) میں بھی مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
چند برس قبل عرفان جونیئر نے آسٹریلیا ہجرت اختیار کی تھی، جہاں وہ مقامی کرکٹ کلبوں میں کھیلنے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس کے لیے اہل قرار پائے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق بال ٹیمپرنگ کے اس واقعے نے ایک بار پھر کرکٹ میں فیئر پلے اور کھیل کی روح سے متعلق مباحثے کو تازہ کر دیا ہے۔






