کرکٹکھیل

پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست دے دی

دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 26.2 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے دسویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے دپیش دیویندرن 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ اوپنر وبھے سوریاوانشی 26 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام، عبد السبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے۔ اوپنر سمیر منہاس نے 172 رنز کی شاندار اور طوفانی اننگز کھیلی، جبکہ احمد حسین 56 اور عثمان خان 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے دپیش دیویندرن نے 3، کھلان پٹیل اور ہنیل پٹیل نے 2، 2 جبکہ کانیشک چوہان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن کے سامنے بھارتی بولرز بے بس نظر آئے۔
فائنل سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے، جس کا عملی مظاہرہ فائنل میں دیکھنے کو ملا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکی ہے، تاہم یہ اس کا انڈر 19 ایشیا کپ میں پہلا ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل 2012 میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔
اس تاریخی فتح کے ساتھ پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ میں پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا، جس پر شائقین کرکٹ نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button