کراچی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، جس میں کرکٹ انفراسٹرکچر، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)، ڈومیسٹک کرکٹ اور آئندہ بین الاقوامی ایونٹس سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے دوسرے مرحلے کی باضابطہ منظوری دی گئی، جبکہ ایل سی سی اے گراؤنڈ کو لندن کے اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
بورڈ نے پی ایس ایل لندن اور نیویارک روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی محنت و پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، اور سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورے کو جاری رکھنے میں محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں ممبران کی جانب سے چیئرمین سے اظہارِ تشکر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن ٹور کو جاری رکھنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے اور پی ایس ایل کو انٹرنیشنل برانڈ بنانے کے لیے سب نے انتھک محنت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل 11 کے میچز مظفرآباد اسٹیڈیم میں کرائے جائیں، جبکہ مستقبل میں مظفرآباد اسٹیڈیم میں بین الاقوامی میچز کے انعقاد کا منصوبہ بھی ہے۔ مزید برآں، اسلام آباد میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ریجنل سطح پر ایک معروف نجی فرم نے کلبز کی سکروٹنی کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے پی ایس ایل روڈ شوز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بورڈ آف گورنرز کو مستقبل کے آئی سی سی ویمنز اور مینز کرکٹ ٹورنامنٹس، ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نچلی سطح پر ٹورنامنٹس اور میچز کی تعداد میں اضافے کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔






