کرکٹکھیل

فیض حمید کی سزا خوش آئند، ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا بھی احتساب کیا جائے، شاہد آفریدی

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے احتساب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جس نے بھی ملک کو نقصان پہنچایا، اسے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

کراچی میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ اگرچہ یہ ان کا دائرہ اختیار نہیں، تاہم وہ اس بات پر خوش ہیں کہ فیض حمید سمیت دیگر افسران کا احتساب ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مثبت امر ہے کہ پاک فوج نے احتساب کا عمل اپنے ادارے کے اندر سے شروع کیا ہے، اور اب جس نے بھی ملک کو نقصان پہنچایا ہے، اس کا احتساب ہونا چاہیے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ فوج میری ہے اور الحمدللہ مجھے پاک فوج پر فخر ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نئے سیزن میں دو فرنچائزز کے اضافے پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل میں دو ٹیموں کا اضافہ خوش آئند ہے، اس سے مزید کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہمارا اپنا برانڈ ہے اور روڈ شوز اس کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہیں۔

قومی ٹیم کے مستقبل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ اب پاکستان کرکٹ ٹیم میں مزید تجربات کی ضرورت نہیں، ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے حتمی شکل دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر عالمی کپ سے قبل سیریز کے دوران کھلاڑیوں میں بار بار تبدیلی کے حق میں نہیں ہیں۔

بگ بیش لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت سے متعلق سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button