انگلش کاونٹی چیمپئن شپ میں پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز ایک ہی ٹیم کا حصہ بن گئے
انگلینڈ: انگلش کاونٹی چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت کے کرکٹرز اب ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں، جو شائقین کے لیے خوشی کی بات ہے۔ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس اور بھارتی بلے باز ایشان کشان کو ناٹنگھم شائر الیون میں شامل کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ عرصے میں پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور بھارتی بلے باز چتیشور پجارا بھی سسیکس ٹیم کے لیے ایک ساتھ کھیل چکے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے باہمی تعلقات میں نیا رنگ آیا ہے۔
ایشان کشان کا یہ انگلش کاونٹی چیمپئن شپ میں ڈیبیو ہوگا اور ان کا ناٹنگھم شائر کے ساتھ دو میچز کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ سیزن کے آخری مرحلے میں مزید پاکستانی اور بھارتی کھلاڑی ایک ساتھ کھیلنے کے لیے یکجا ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ، بھارتی بلے باز رتراج گائیکواڈ جولائی میں یارکشائر کی ٹیم میں شامل ہوں گے، جبکہ پاکستانی بلے باز عبداللہ شفیق ویزا مسائل کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ شامل ہونے میں تاخیر کا شکار ہیں۔
ناٹنگھم شائر الیون کی ٹیم میں کپتان حسیب حمید کے علاوہ بین سیلٹر، فریڈی میک کین، جو کلارک، جیک ہائنز، ایشان کشان، لینڈون جیمز، لیام پیٹرسن وائٹ، فرحان احمد، ڈیلون پیننگٹون اور محمد عباس شامل ہیں۔
یہ مشترکہ کھیل دونوں ممالک کے کرکٹرز کے لیے تعلقات کو مضبوط کرنے اور کرکٹ کی خوبصورتی کو مزید اجاگر کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔






