پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی دلچسپی میں واضح اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ آئی پی ایل کے مقابلے میں پی ایس ایل میں بہتر سکیورٹی اور کھیلنے کے مواقع بتائے جا رہے ہیں۔
انگلینڈ کے کرکٹر ڈیوڈ ولے نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ "آئی پی ایل کی آکشن کیسی ہوگی، یہ نہیں پتہ چلتا، لیکن کھلاڑیوں کے لیے پی ایس ایل میں زیادہ سکیورٹی اور کھیلنے کی یقین دہانی ہوتی ہے۔”
جنوبی افریقی کرکٹر فاف ڈو پلیسی نے بھی آئی پی ایل کی بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہر کھلاڑی کی اپنی صورتحال ہوتی ہے، کچھ کھلاڑیوں کو لگتا ہے کہ پی ایس ایل میں انہیں زیادہ کھیلنے کے مواقع ملیں گے، بجائے اس کے کہ 10 یا 11 ہفتے بینچ پر بیٹھا رہیں۔”
واضح رہے کہ فاف ڈو پلیسی اور معین علی نے آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل کھیلنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسی طرح، آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل نے بھی رواں سال آئی پی ایل میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد ان کے پی ایس ایل کھیلنے کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی اسٹار کھلاڑیوں کی پی ایس ایل میں شمولیت لیگ کی مقبولیت اور بین الاقوامی معیار کو مزید بڑھائے گی۔






