اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، سردی میں مزید اضافہ متوقع

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش، برفباری، دھند اور شدید سردی کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بھی بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب کے مختلف میدانی علاقوں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، ساہیوال، ملتان، خانیوال، خانپور اور کوٹ ادو میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بہاولپور، رحیم یار خان اور راجن پور کے علاقوں میں اسموگ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

سندھ کے بالائی علاقوں سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں بھی دھند رہنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، باجوڑ اور مہمند میں بارش کی توقع ہے جبکہ کرم اور خیبر کے چند مقامات پر پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور نوشہرہ میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر میں آج چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 16 دسمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ 13 سے 15 دسمبر کے دوران پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری ہو سکتی ہے۔ اتوار اور پیر کو راولپنڈی، اسلام آباد اور گلیات میں بارش اور ہلکی برفباری کی توقع ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور دیگر اضلاع میں 15 دسمبر تک بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ ناران، کاغان اور دیگر بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button