پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل جاری، 31 ہزار سے زائد ڈی پورٹ
لاہور: پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت صوبے بھر سے 31 ہزار 377 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 11 ہزار 576 مرد، 6 ہزار 679 خواتین اور 13 ہزار 133 بچے شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 43 افراد کے پاس رہائشی ثبوت، 11 ہزار 67 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 10 ہزار 267 افراد غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت 203 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ لاہور میں 5 جبکہ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس عمل کو مؤثر اور محفوظ بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔






