ناسا کا اعلان: اگست 2027 میں صدی کا طویل ترین سورج گرہن ہوگا
ویب ڈیسک: امریکی خلائی ادارے ناسا نے تصدیق کی ہے کہ اگست 2027 میں ایک نایاب اور صدی کا طویل ترین سورج گرہن ہوگا۔ یہ فلکیاتی نظارہ 2 اگست 2027 کو بروز پیر شام 10 بج کر 6 منٹ (UTC) پر شروع ہوگا۔
ناسا کے مطابق اس سورج گرہن کے دوران چاند کا سایہ شمالی افریقہ، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا دیکھا جائے گا۔ مکمل اندھیرا مراکش، الجزائر، تیونس، اسپین، سعودی عرب، یمن، صومالیہ کے علاوہ بحرِ ہند اور بحرِ اوقیانوس کے علاقوں میں واضح طور پر نظر آئے گا۔
سورج گرہن کیوں ہوتا ہے؟
ماہرین کے مطابق سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین، چاند اور سورج ایک سیدھ میں آ جاتے ہیں اور چاند سورج کی روشنی کو کچھ دیر کے لیے مکمل طور پر روک دیتا ہے۔ اس کے نتیجے میں سورج ایک چمکتے ہوئے ہیرے کی انگوٹی (Diamond Ring) کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور اس دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی بھی واقع ہوتی ہے۔
ناسا کے مطابق 2027 کا سورج گرہن 6 منٹ اور 23 سیکنڈ تک جاری رہے گا، جو 1991 اور 2009 کے طویل ترین گرہنوں کے بعد ایک تاریخی اور نایاب فلکیاتی واقعہ ہے۔ ماہرینِ فلکیات اسے صدی کا گرہن قرار دے چکے ہیں۔






