آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی مشہور ’’بیز بال‘‘ حکمت عملی میں تبدیلیاں کی ہیں تاکہ فتح کے امکانات بڑھائے جا سکیں۔
اسٹارک نے بتایا کہ پہلے انگلینڈ نے تیز رفتار اور جارحانہ بیٹنگ پر زور دیا، جہاں وہ ٹیسٹ میچز میں اوسطاً 7 رنز فی اوور کی رفتار سے کھیلتے تھے۔ تاہم اب ٹیم زیادہ متوازن انداز اپنا رہی ہے اور حالات کے مطابق بیٹنگ کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’انگلینڈ نے اب بیٹنگ میں صرف جارحانہ کھیل کو ترک کر دیا ہے اور صحیح وقت پر حملہ کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔‘‘ اسٹارک نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کی تیز اور باؤنسی وکٹیں انگلینڈ کے لیے چیلنج ہوں گی، لیکن وہ اپنی فاسٹ بولنگ کو بروئے کار لانے کا انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم اور آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے تعاون سے جو حکمت عملی وضع کی تھی، اسے کرکٹ حلقوں میں عام طور پر ’’بیز بال‘‘ حکمت عملی کے نام سے جانا جاتا ہے۔






