کرکٹکھیل

محمد رضوان کی ون ڈے کپتانی خطرے میں، شاہین شاہ آفریدی مضبوط امیدوار، فیصلہ 20 اکتوبر کو متوقع

لاہور (اسپورٹس ڈیسک) — قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ، مائیک ہیسن کسی اور سینئر کھلاڑی کو قیادت سونپنے کے حق میں ہیں، اور اس حوالے سے ابتدائی مشاورت بھی ہو چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا تھنک ٹینک کپتانی کی تبدیلی کے حق میں ہے، اور شاہین شاہ آفریدی کو بطور متبادل کپتان زیر غور لایا جا رہا ہے۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے باقاعدہ طور پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ایک تحریری خط ارسال کیا ہے، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کا فوری مشترکہ اجلاس بلایا جائے تاکہ ٹیم کے دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ کپتان کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق چیئرمین محسن نقوی نے اس تجویز کو منظور کر لیا ہے اور دونوں کمیٹیوں کو خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ اجلاس 20 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے، جس میں امکان ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے نئے کپتان کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ محمد رضوان کو حالیہ مہینوں میں قومی ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی، تاہم کارکردگی اور ٹیم کی مجموعی سمت پر سوالات اٹھنے کے بعد کپتانی میں تبدیلی کی بحث نے زور پکڑا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button